ہانگ کانگ: پاکستان نے چھٹی بار ہانگ کانگ سکسز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فائنل میں پاکستان نے کویت کو 43 رنز سے شکست دی اور سب سے زیادہ مرتبہ یہ ٹائٹل جیتنے والی ٹیم بن گئی۔ پاکستان نے آخری بار 2011 میں ہانگ کانگ سکسز جیتا تھا۔
کویت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے مقررہ 6 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔ کپتان عباس آفریدی 52 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے، عبدالصمد نے 42، خواجہ نافع 22 اور شاہد عزیز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ معاذ صداقت 10 اور محمد شہزاد 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
136 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کویت کی ٹیم 92 رنز ہی بنا سکی، یوں پاکستان نے واضح برتری کے ساتھ ٹائٹل اپنے نام کیا۔
خیال رہے کہ سیمی فائنل میں پاکستان نے آسٹریلیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد صرف ایک رن سے شکست دی تھی، جبکہ کویت نے انگلینڈ کو 37 رنز سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔






