پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ریڈیو پاکستان پر 9 مئی کے حملے کی تحقیقات کے لیے کمیشن قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کمیشن تمام شواہد، بشمول سی سی ٹی وی فوٹیج، جمع کر کے رپورٹ کابینہ کو پیش کرے گا۔
وزیر اعلیٰ نے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں امن جرگے میں شریک سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود امن سب کا مشترکہ ہدف ہے۔
انہوں نے صوبائی اسمبلی کی تمام قراردادوں پر عمل درآمد اور سود سے پاک خیبرپختونخوا کے قیام کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ساتھ جیل میں ناروا سلوک ہو رہا ہے اور ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، حکومت ان سے ملاقات کر کے پالیسی گائیڈ لائنز حاصل کرے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تمام اصلاحات اور اقدامات منتخب نمائندوں کی مشاورت سے کیے جائیں گے، کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل ہوگا، حکومتی فنڈز پر ذاتی تشہیر کی اجازت نہیں ہوگی اور تمام قوانین کا جائزہ لے کر ضروری ترامیم کی جائیں گی۔






