ہری پور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ ملک میں بہت جلد اہم سیاسی تبدیلیاں رونما ہونے والی ہیں۔
ضلع ہری پور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مقبول لیڈر اور اُن کی اہلیہ جیل میں ہیں جبکہ اڈیالہ کے باہر قائد تحریک انصاف کی بہنوں کے ساتھ پیش آنے والے مبینہ واقعے نے پوری قوم کو افسردہ کیا ہے۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ قائد تحریک انصاف اپنے اہل خانہ سمیت ملک کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں، 23 تاریخ کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ووٹ دیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر انتظامیہ یا پولیس نے دھاندلی کی کوشش کی تو نتائج سنگین ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج میں رد و بدل کی کوشش کی گئی تو ملک میں حالات انتہائی خراب ہوسکتے ہیں، اور موجودہ سیاسی فضا تیزی سے کسی بڑے واقعے کی طرف بڑھ رہی ہے۔
عمر ایوب
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف عمر ایوب نے کہا کہ قائد سے وفاداری پر انہیں 50 سال قید کی سزا سنائی گئی، فسطائی حکومت کے خلاف بھرپور مزاحمت کی۔ ان کے خلاف 766 مقدمات بنائے گئے جن میں قتل اور دہشت گردی کی دفعات بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اُن کی وفاداری ہمیشہ قائد تحریک انصاف کے ساتھ رہے گی۔ ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “ن لیگ خون لیگ ہے” جو ہمارے کارکنوں کی جانوں کی ذمہ دار ہے۔
جنید اکبر
رہنما پی ٹی آئی جنید اکبر نے کہا کہ عمران خان کی بہنوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہری پور سے اسلام آباد اور ڈونگا گلی سے مری کو جانے والے پانی کی فراہمی روک کر وفاق کے خلاف کھلی سیاسی لڑائی کا آغاز کیا جائے۔






