واشنگٹن: امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی نے کہا ہے کہ بھارتی حکمران جماعت بی جے پی بھارت کو ایک واضح ہندو ریاست بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
کمیشن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کا سیاسی نظام مذہبی اقلیتوں کے خلاف امتیازی سلوک کو فروغ دیتا ہے اور بی جے پی اور آر ایس ایس کے تعلقات امتیازی قوانین کے نفاذ میں مددگار ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2014 کے بعد بی جے پی نے فرقہ وارانہ پالیسیوں کو نافذ کیا، جس سے بھارت میں مذہبی آزادی پر پابندیاں مزید سخت ہو گئی ہیں۔
امریکی کمیشن نے کہا کہ آر ایس ایس کے رضاکار بی جے پی کے اقدامات میں شامل ہیں اور مودی بھی ان رضاکاروں میں شامل ہیں، جس کا بنیادی مقصد بھارت کو ایک ہندو ریاست بنانا ہے۔
کمیشن نے بھارت میں مذہبی آزادی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور اقلیتوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔






