رافیل طیارے تکنیکی نہیں، بھارتی پائلٹس کی غلطیوں سے تباہ ہوئے: فرانسیسی کمانڈر

0
655

برسلز میں ایک بین الاقوامی کانفرنس کے دوران فرانسیسی نیول ایئر بیس کے کمانڈر کیپٹن یوک لونے نے اس بات کی تصدیق کی کہ 6 اور 7 مئی 2025 کی رات ہونے والی فضائی جھڑپ میں پاکستان نے بھارتی رافیل لڑاکا طیارے مار گرائے تھے۔ انہوں نے اس تاثر کو رد کیا کہ مسئلہ رافیل طیاروں کی تکنیکی خرابی کا تھا، ان کے مطابق اصل کمزوری انہیں اڑانے والے بھارتی پائلٹس میں تھی۔

کیپٹن لونے فرانس کے اس نیول ایئر بیس کی نگرانی کرتے ہیں جہاں 40 سے زائد جوہری میزائلوں سے لیس رافیل طیارے موجود ہیں۔ وہ 25 سال سے یہ طیارے اڑا رہے ہیں اور مشرقِ وسطیٰ، یورپ اور افریقہ میں کئی اہم مشنز سرانجام دے چکے ہیں۔

انڈو پیسفک کانفرنس کے سیشن سے خطاب میں انہوں نے پاکستانی فضائیہ کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے انتہائی پیچیدہ صورتحال کو مؤثر اور منظم طریقے سے سنبھالا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس لڑائی میں 140 سے زائد لڑاکا طیارے موجود تھے اور اتنی بڑی فضائی سرگرمی میں اہداف کو نشانہ بنانا نسبتاً آسان ہوتا ہے، مگر پاکستان نے بھارت کے مقابلے میں بہتر حکمتِ عملی اختیار کی۔

بھارتی مندوب نے اس بیان کو “چینی پروپیگنڈا” قرار دینے کی کوشش کی تاہم کیپٹن لونے نے اس اعتراض کو اہمیت نہ دی۔ رافیل کے ریڈار سسٹم فیل ہونے سے متعلق سوال پر انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ طیارے میں نہیں بلکہ اس کے استعمال میں تھا، رافیل کسی بھی جنگی صورتحال میں بہترین کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بھارتی حکومت اب رافیل کے نیول ورژن کی خریداری میں دلچسپی رکھتی ہے، جو ائیرکرافٹ کیریئر پر لینڈ کرنے اور جوہری میزائل لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ دنیا میں یہ صلاحیت صرف فرانسیسی بحریہ کے پاس موجود ہے۔

ماہرین کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان فضائی جھڑپ کا تجزیہ عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے کیونکہ یہ ایک نایاب موقع تھا جب جدید لڑاکا طیاروں، پائلٹس اور ائیر ٹو ائیر میزائلوں کی حقیقی جنگی ماحول میں کارکردگی کا براہِ راست مشاہدہ کیا گیا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا