برطانیہ کے سابق وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں پروسٹیٹ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔ 59 سالہ کیمرون نے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے مردوں کو پروسٹیٹ کینسر کی اسکریننگ کرانے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
ڈیوڈ کیمرون نے بتایا کہ ان کی اہلیہ سمانتھا نے انہیں کینسر کی اسکریننگ کرانے کا مشورہ دیا تھا، جب انہوں نے ریڈیو پر سوہو ہاؤس کے بانی نک جونز کا کینسر کے حوالے سے تجربہ سنا۔ اس کے بعد کیمرون نے پی ایس اے ٹیسٹ، ایم آر آئی اسکین اور بایوپسی کرائی، جس سے پروسٹیٹ کینسر کی تصدیق ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ خبر بہت ہولناک تھی، لیکن بروقت تشخیص نے علاج میں مدد دی۔ کیمرون نے مردوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی صحت کے بارے میں بات کرنے یا معائنے کرانے میں مت ہچکچائیں، کیونکہ اس بیماری کی بروقت تشخیص سے علاج بہتر ہو سکتا ہے۔
برطانیہ میں ہر سال تقریباً 55 ہزار نئے پروسٹیٹ کینسر کے کیسز سامنے آتے ہیں، جن میں سے 12 ہزار افراد اس مرض کے سبب جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔
کیمرون نے اپنے علاج کے بارے میں بتایا کہ وہ فوکل تھراپی کے ذریعے علاج کروا رہے ہیں، جس میں برقی لہریں استعمال کر کے متاثرہ خلیات کو ختم کیا جاتا ہے۔





