اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اگرچہ ضمنی انتخابات کے بعد ن لیگ کو پیپلز پارٹی کے بغیر قومی اسمبلی میں سادہ اکثریت حاصل ہو گئی ہے، تاہم پیپلز پارٹی پر انحصار برقرار رہے گا۔
جیو نیوز کے پروگرام “کیپٹل ٹاک” میں گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پیپلز پارٹی ن لیگ کا اٹوٹ انگ ہے اور دونوں جماعتیں مستقبل میں بھی ساتھ چلیں گی۔
انہوں نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی تعریف کی اور کہا کہ وہ شہیدوں کے جنازے میں شامل ہوئے، جو ان کی قیادت کی شجاعت کی علامت ہے۔
تحریک انصاف کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ سیاسی ماحول جیسا بھی ہو، ملک میں امن و امان کے لیے سب کو اکٹھا ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی بانی تحریک انصاف سے ملاقات کرائی جائے تاکہ وہ دہشت گردی اور دیگر معاملات پر گائیڈ لائن حاصل کر سکیں۔





