کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع بولان کی تحصیل سنی میں ایک گھر میں زور دار دھماکے کے نتیجے میں 3 بچے جاں بحق اور 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعہ عبدالحئی جتوئی کے گھر میں پیش آیا، جہاں دھماکے کی شدت سے مکان کی چھت گر گئی اور دیواریں منہدم ہو گئیں۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 13 سے 14 سال کے درمیان تھیں۔
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے دو روز قبل رات کے وقت گھر میں بارودی مواد بچھایا تھا جو پھٹ گیا۔ سیکیورٹی فورسز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گئے اور ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
ایس پی کچھی نے بتایا کہ واقعے کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور حساس ادارے بھی تحقیقات میں شامل ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے اور اس طرح کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔






