چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ملاقات سے انکار کر دیا: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

0
720

اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، علیمہ خان اور وکلاء کی چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سے ملاقات نہ ہو سکی۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ ہماری شنوائی نہیں ہوئی، چیف جسٹس کی جانب سے پیغام ملا کہ وہ ہم سے نہیں مل سکتے۔ انہوں نے کہا کہ آج قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس نہیں چلنے دیں گے۔

سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ آئندہ منگل کو ہائیکورٹ اور اڈیالہ جیل کے باہر احتجاجی اجتماع کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں گورننس پر اپنی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہوں، میں تنظیم میں نچلی سطح سے کام کرکے اوپر آیا ہوں، کسی پیرا شوٹ کے ذریعے نہیں آیا۔

ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے بتایا کہ چیف جسٹس نے وزیراعلیٰ سے ملاقات سے انکار کردیا ہے اور وہ کسی وکیل یا سرکاری نمائندے سے بھی ملاقات نہیں کر رہے۔

اس سے قبل راولپنڈی میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے دھرنا ختم کرتے ہوئے کہا کہ میں تمام آئینی اور قانونی راستے اختیار کر چکا ہوں، اب سمجھ نہیں آ رہی کہ کون سا راستہ باقی ہے جس کے ذریعے اپنے لیڈر سے ملاقات کرسکوں۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود مجھے اور دیگر رہنماؤں کو بانی پی ٹی آئی سے ملنے نہیں دیا گیا۔ اس سے پہلے ان کی بہنوں کو بھی ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی اور اڈیالہ روڈ پر ان کے ساتھ ناروا سلوک کیا گیا۔ یہ سب بانی کو دباؤ میں لانے اور بشریٰ بی بی کو نشانہ بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پورے دن، پوری رات اور اب صبح ہوگئی مگر مجھے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب وزیراعلیٰ نے عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر دھرنا دے دیا تھا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا