پی ٹی آئی ملک دشمن بیانیہ ترک کرے، ریاستی مفاد کو مقدم رکھے: عطاء اللہ تارڑ

0
360

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ملک دشمن بیانیہ اور غلط ترجیحات ترک کرکے ریاست اور عوام کے مفاد کو مقدم رکھے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں عطاء اللہ تارڑ نے پی ٹی آئی کی سیاسی حکمتِ عملی اور رویے پر شدید تنقید کی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف، خصوصاً خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ایسا طرزِ عمل اپنا رکھا ہے جس میں صوبے کے عوام کو درپیش مسائل اور گورننس پس منظر میں چلے گئے ہیں، جبکہ تمام توجہ اس مطالبے پر مرکوز ہے کہ کرپشن کے کیس میں اڈیالہ جیل میں سزا کاٹنے والے بانی سے سیاسی رہنمائی لی جائے، جو جیل قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف اہم کردار رکھنے والا صوبہ ہونے کے باوجود صوبائی حکومت کی ترجیحات امن، ترقی اور عوامی ریلیف کے بجائے اسی غیر قانونی بیانیے کے گرد گھومتی رہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کی ایک خاتون رہنما نے مبینہ طور پر افغانستان سے چلنے والے پاکستان دشمن سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور بھارتی میڈیا کے ذریعے عمران خان سے متعلق منفی مہم چلائی، جس کا مقصد عالمی سطح پر پاکستان کو بدنام کرنا تھا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ یہ رویہ کھلی پاکستان دشمنی کے مترادف ہے، کیونکہ اس سے ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ ان کے مطابق اب وقت ہے کہ تحریک انصاف اپنا موجودہ بیانیہ ترک کرکے ریاست اور عوام کے مفادات کو اولین ترجیح دے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا