بنگلا دیش کی تین بار وزیراعظم رہنے والی بیگم خالدہ ضیا کی طبیعت انتہائی خراب ہو گئی ہے اور انہیں آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 80 سالہ خالدہ ضیا کو گزشتہ برس کے آخر میں اس وقت رہائی ملی تھی جب شیخ حسینہ واجد طلبہ تحریک کے نتیجے میں اقتدار چھوڑ کر ملک سے فرار ہوگئی تھیں۔
جیل میں ہی اُن کی طبیعت بگڑ گئی تھی اور رہائی کے بعد بھی انہوں نے کچھ وقت اسپتال میں گزارا، جس کے بعد سے وہ گھر پر آرام کر رہی تھیں۔
تاہم اب پھیپھڑوں کے انفیکشن کے باعث انہیں شدید سانس کی تکلیف کا سامنا ہے، جس کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں آئی سی یو میں منتقل کر دیا۔ بی این پی کے سیکریٹری جنرل مرزا فخرالاسلام عالمگیر کے مطابق خالدہ ضیا کی حالت تشویشناک ہے۔
ان کے بیٹے طارق رحمان جو 2008 سے لندن میں مقیم ہیں، انہوں نے سوشل میڈیا پر عوام سے والدہ کی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی ہے اور ساتھ ہی کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ان کا بنگلا دیش واپسی ممکن نہیں۔






