پاکستان نے راولپنڈی میں کھیلے گئے ٹی 20 ٹرائی سیریز کے فائنل میں سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 114 رنز بنائے۔ اننگز کا آغاز پاتھم نسانکا کے آؤٹ ہونے سے ہوا جنہیں شاہین آفریدی نے 11 رنز پر شکار بنایا۔ بعد میں کوشل مینڈس اور کامل مشرا نے شراکت قائم کی لیکن محمد نواز نے مینڈس کو 14 رنز پر آؤٹ کر کے یہ پارٹنرشپ توڑ دی۔
سری لنکا کی جانب سے کامل مشرا نمایاں رہے جنہوں نے 47 گیندوں پر 59 رنز بنائے، تاہم صائم ایوب نے ان کی اہم وکٹ حاصل کرکے سری لنکن اننگز کو بڑا دھچکا دیا۔ پوری ٹیم آخری اوور میں 114 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان نے ہدف کا تعاقب پراعتماد انداز میں کیا اور 19ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 115 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔ بابر اعظم 37 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، صائم ایوب نے 36، صاحبزادہ فرحان نے 23 اور کپتان سلمان علی آغا نے 14 رنز بنائے۔
اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ٹی 20 ٹرائی سیریز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔






