جنوبی افریقا کے سابق کپتان فاف ڈو پلیسی نے بھارتی لیگ آئی پی ایل چھوڑ کر پاکستان سپر لیگ کھیلنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ 14 سیزن کے بعد پہلی بار آئی پی ایل نیلامی میں اپنا نام نہیں دے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے انہیں بہت عزت، تجربات اور یادیں دیں اور یہ الوداع نہیں، وہ دوبارہ ضرور واپس آئیں گے۔
فاف ڈو پلیسی نے بتایا کہ اس بار انہوں نے ایک نیا چیلنج قبول کرتے ہوئے پی ایس ایل میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل بے پناہ ٹیلنٹ اور توانائی سے بھرپور لیگ ہے اور ان کے لیے پاکستان آکر نئی لیگ اور نئے ماحول کا حصہ بننا ایک دلچسپ تجربہ ہوگا۔ وہ پاکستان کی مہمان نوازی کے لیے بھی بے حد پرجوش ہیں۔
41 سالہ فاف ڈو پلیسی نے آئی پی ایل کا آخری سیزن دہلی کیپیٹلز کی جانب سے کھیلا تھا جہاں انہیں 2 کروڑ بھارتی روپے میں خریدا گیا تھا۔ اس سے قبل وہ پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔






