پاکستان نے ملیر جیل کراچی میں گزشتہ ماہ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرنے والے 57 سالہ بھارتی ماہی گیر سیونو رانا کی لاش واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کر دی۔
تفصیلات کے مطابق حکام نے بتایا کہ سیونو رانا کی طبیعت خراب ہونے پر اسے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم 19 نومبر کو وہ انتقال کر گیا تھا، جس کی اطلاع بھارتی حکام کو دے دی گئی تھی۔
بھارتی حکام کی جانب سے سیونو رانا کی شہریت کی تصدیق کے بعد جمعرات کو اس کی لاش واہگہ اٹاری بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کی گئی۔
معلوم ہوا ہے کہ سیونو رانا بھارت کے مشرقی علاقے مدنا پور کا رہائشی تھا۔ وہ دو سال قبل اپنے گاؤں سے مچھلی پکڑنے کے لیے بھارتی گجرات گیا تھا، تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ پاکستانی حکام نے اسے کب گرفتار کیا تھا۔
بھارتی ماہی گیر کی لاش ایدھی فاؤنڈیشن کے ذریعے کراچی سے واہگہ بارڈر لائی گئی، جہاں قانونی کارروائی کے بعد یہ لاش بی ایس ایف انڈیا کے حوالے کی گئی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کی جیلوں میں ایک دوسرے کے متعدد ماہی گیر قید ہیں، جنہیں مختلف اوقات میں سمندری حدود کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا جاتا رہا ہے۔






