اسلام آباد: سفارتی ذرائع کے مطابق انڈونیشیا کے صدر دو روزہ سرکاری دورے پر پیر کو پاکستان پہنچیں گے۔ وہ یہ دورہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر انجام دے رہے ہیں۔ وزیراعظم نے اپنے حالیہ انڈونیشیا کے دورے کے دوران انڈونیشین صدر کو پاکستان آنے کی باضابطہ دعوت دی تھی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق دورے کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، معاشی، دفاعی، ثقافتی اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ انڈونیشیا کے صدر کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان پہنچے گا۔
انڈونیشین صدر اپنے دورے میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے، جبکہ صدر آصف علی زرداری سے بھی ملاقات متوقع ہے۔ مہمان صدر کی عسکری قیادت سے ملاقات کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دورے کے دوران پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدے کو حتمی شکل دیے جانے کی امید ہے۔ علاوہ ازیں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون سے متعلق امور پر بھی تفصیلی گفتگو ہوگی۔





