پی ٹی آئی سیاسی دجال کا کام کر رہی ہے، بلاول

0
462

لاہور: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایک سیاسی جماعت عوام اور افواج کے درمیان دراڑ پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

لاہور کے باغبان پورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانا ان کا یا پارٹی کا مطالبہ نہیں اور وہ کسی سیاسی پارٹی پر پابندی کے حق میں بھی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعت کو خیبرپختونخوا میں اپنا رویہ بہتر کرنا ہوگا، دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں خلل ڈالنا مسائل پیدا کر سکتا ہے اور اگر سیاسی جماعت دہشت گردوں کی سہولت کار بنی تو گورنر راج لگانا مجبوری بن جائے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کو افغانستان کی طرف سے جو خدشات ہیں وہ سچ ثابت ہو رہے ہیں، افغانستان سے دہشت گرد پاکستان آ کر حملے کر رہے ہیں جو ملک کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج اس چیلنج کا مقابلہ کر رہی ہیں اور ملک کے اندرونی چیلنجز سے بھی نمٹا جا رہا ہے۔

انہوں نے بھارت پر بھی تنقید کی اور کہا کہ مئی کی جنگ میں پاکستان کی فتح بھارت کے لیے ہضم نہیں ہوئی، بھارت دوبارہ پاکستان پر وار کی سازشیں کر رہا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پاک فوج، پاک فضائیہ اور بحریہ میں اتنی طاقت ہے کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے کو بھرپور جواب دیا جا سکتا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم ان سیاسی قوتوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ اپنے کردار کو درست کریں۔ ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر مریم نواز سندھ سے انتخاب لڑیں تو وہ خوش آمدید کہیں گے اور سندھ میں تمام سیاسی جماعتوں کو انتخاب میں حصہ لینا چاہیے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا