اسلام آباد میں ہائی لیول سرکاری افسران کے اثاثے آن لائن جمع کرانے اور عوام کے لیے شائع کرنے کا نظام تیار کر لیا گیا ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق سال 2026 کے آخر تک اعلیٰ افسران کے اثاثے ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گے اور وفاقی و صوبائی افسران کے اثاثوں کی اینٹی منی لانڈرنگ کے لیے جانچ پڑتال بھی کی جائے گی۔
دستاویز کے مطابق گریڈ 17 سے 22 کے تمام افسران اپنے ملکی و غیر ملکی اثاثے ڈیجیٹلی جمع کرائیں گے جبکہ وفاق اور صوبوں کے تمام سول افسران کے اثاثے بھی لازمی ڈیجیٹل ہوں گے۔ آن لائن اشاعت کے دوران پرائیویسی اور ڈیٹا پروٹیکشن کے انتظامات بھی شامل ہوں گے۔
رسک بیسڈ ویریفکیشن کا طریقہ کار متعارف کرایا جائے گا اور بینکوں کو اعلیٰ سرکاری افسران کے اثاثوں تک رسائی دی جائے گی تاکہ اینٹی منی لانڈرنگ کے اقدامات موثر ہوں اور سرکاری ادارے بھی اہلکاروں کے اثاثوں کی چھان بین کر سکیں۔






