اسلام آباد: سپریم کورٹ نے 8 سال کے بچے سے زیادتی کے کیس میں ملزم عاصم گل کی اپیل مسترد کر دی۔ ملزم کی 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا برقرار ہے۔ اس کیس پر جسٹس ہاشم کاکڑ اور جسٹس اشتیاق ابراہیم نے سماعت کی۔
سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بچے کی گواہی، طبی اور ڈی این اے شواہد کے ساتھ مطابقت رکھتی ہے، اور شواہد میں کوئی تضاد یا قانونی نقص ثابت نہیں ہوا۔
عدالتی فیصلے میں بتایا گیا کہ متاثرہ بچے کی والدہ نے کہا کہ گھر واپس آنے پر بچے کی گردن پر خراشیں تھیں اور وہ پریشان تھا۔ متاثرہ بچے نے بیان دیا کہ ملزم نے پتنگ اور کنچے دینے کا جھانسہ دے کر اسے لے گیا۔
فیصلے میں مزید لکھا گیا کہ ملزم نے بچے کو زیرِ تعمیر دکان میں لے جا کر زیادتی کی، جس کے بعد اڈیالہ جیل میں شناخت پریڈ میں بچے نے ملزم کی شناخت کی۔
سپریم کورٹ کے مطابق ٹرائل کورٹ نے 12 اپریل 2021 کو عاصم گل کو مجرم قرار دیتے ہوئے 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی، اور بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے 4 اگست 2021 کو دونوں اپیلیں مسترد کر دی تھیں۔






