اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف اور برطانیہ کی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی و افریقہ بیرونس جینی چیپ مین نے اہم شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق بیرونس چیپ مین نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول ترقیاتی تعاون، موسمیاتی تبدیلی، اقتصادی مشغولیت اور وسیع تر علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مشترکہ تاریخ، مضبوط ادارہ جاتی روابط اور باہمی احترام پر مبنی دیرینہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے برطانیہ میں پاکستانی تارکین وطن کے متحرک کردار کا بھی ذکر کیا جو دونوں ممالک کے درمیان اہم پل کا کام کر رہا ہے۔
وزیراعظم نے ملاقات کو دو طرفہ مذاکرات کو آگے بڑھانے کا ایک اہم موقع قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ دورہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔






