لاہور: لاہور میں ایک شہری کو اپنی چوری شدہ موٹر سائیکل کے ای چالان موصول ہو گئے، حالانکہ موٹر سائیکل فروری 2024 میں چوری ہوئی تھی اور پولیس اب تک اسے تلاش کرنے میں ناکام رہی۔
موصول ای چالان کے مطابق چوری شدہ موٹر سائیکل شہر کی سڑکوں پر موجود ہے، لیکن پولیس چور کو پکڑنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔
دوسری جانب لاہور میں ٹریفک اصلاحات نے شہری زندگی پر مثبت اثرات مرتب کیے ہیں۔ موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترمیم اور ٹریفک قوانین کے سخت نفاذ کے نتیجے میں صرف 12 روز میں مہلک حادثات کی شرح میں 47 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے بغیر کسی تفریق کے کارروائی کی گئی، اور 12 روز میں ایک لاکھ سے زائد شہریوں کو مختلف خلاف ورزیوں پر چالان جاری کیے گئے۔ شہر بھر کے سگنلز پر میگا فون کے ذریعے آگاہی مہم بھی چلائی گئی تاکہ شہری قوانین کی پاسداری کریں۔
ڈاکٹر اطہر وحید نے شہریوں پر زور دیا کہ ٹریفک قوانین پر مکمل عمل ہی حادثات سے محفوظ رہنے کا واحد راستہ ہے۔






