سابق وزیراعلیٰ پنجاب و پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما میاں منظور احمد وٹو انتقال کر گئے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم طویل عرصے سے علیل تھے۔ نماز جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
منظور وٹو کا تعلق حویلی لکھا سے تھا اور وہ پنجاب اسمبلی کے اسپیکر بھی رہ چکے ہیں۔ ان کے انتقال پر سیاسی اور سماجی شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وٹو خاندان 1985 کے بعد ہر دور حکومت میں کسی نہ کسی صورت میں اقتدار کے ایوانوں میں نظر آیا، تاہم 2018 کے عام انتخابات میں میاں منظور وٹو آزاد حیثیت میں اوکاڑہ سے میدان میں آئے۔ ان کے بیٹے خرم جہانگیر وٹو اور صاحبزادی روبینہ شاہین وٹو پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر صوبائی نشست کے لیے امیدوار تھے، مگر الیکشن نہ جیت سکے۔
میاں منظور وٹو کے بیٹے اور بیٹی اب بھی پی ٹی آئی میں ہیں، جبکہ وہ خود پاکستان پیپلز پارٹی میں فعال کردار ادا کرنے کے خواہاں رہے۔ قبل ازیں وہ پیپلز پارٹی کی حمایت سے پنجاب کے وزیر اعلیٰ بنے اور پارٹی کے صوبائی صدر بھی رہے۔






