اسلام آباد: پاکستان نے دریائے چناب کے بہاؤ میں اچانک تبدیلی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے ایسے یکطرفہ اقدامات ناقابل قبول ہیں۔ عالمی برادری بھارت کی سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کا فوری نوٹس لے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ بھارتی اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ دریاؤں سے متعلق کوئی بھی یکطرفہ فیصلہ نہ صرف بین الاقوامی قوانین بلکہ سندھ طاس معاہدے کی صریح خلاف ورزی ہے، جس کی پاکستان بھرپور مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دسمبر سے دریائے چناب میں پانی کی سطح میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے، جبکہ بھارت کی جانب سے بغیر پیشگی اطلاع پانی چھوڑنے پر پاکستان کو شدید تحفظات لاحق ہیں۔ سندھ طاس معاہدے کے تحت ایسے اقدامات کے لیے واضح بین الاقوامی قوانین موجود ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔
ترجمان نے بھارتی ریاست بہار میں ایک مسلم خاتون ڈاکٹر کے ساتھ ہتک آمیز سلوک کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کو مسلسل ناروا سلوک کا سامنا ہے۔ انہوں نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اقلیتوں کے حقوق، بالخصوص مذہبی آزادی، کے تحفظ کو یقینی بنائے۔





