ننکانہ صاحب / اوکاڑہ: شدید دھند کے باعث مختلف علاقوں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 15 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ننکانہ صاحب میں شاہ کوٹ روڈ کے قریب شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ کم ہونے پر ایک بس رکشے سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال شاہ کوٹ منتقل کر دیا گیا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 14 سالہ سجاد، 20 سالہ وقاص اور 20 سالہ شکیل کے نام سے ہوئی ہے۔
دوسری جانب اوکاڑہ میں بھی شدید دھند کے باعث مسافر بس اور کاروں کے درمیان تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں 2 خواتین اور 10 مرد شامل ہیں جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ادھر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ننکانہ صاحب کے قریب پیش آنے والے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ نے شہریوں سے اپیل کی کہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ناگزیر صورت میں سفر کرتے ہوئے ٹریفک قوانین اور حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر انسانی جان قیمتی ہے، سفر کے دوران اپنی اور دوسروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔






