لاہور: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خط پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سہیل آفریدی اور ان کی جماعت کی قیادت، خود ان سمیت، پاکستان کی وحدت پر مسلسل حملے کرتی رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹویٹر) پر اپنے بیان میں وزیر دفاع نے کہا کہ سہیل آفریدی کی قیادت میں وفاقی دارالحکومت پر بار بار حملے کیے گئے، جو ریاستی وحدت کے لیے نقصان دہ تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات سے اس وقت بھی آئینی عہدوں اور بین الصوبائی احترام کو ٹھیس پہنچی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ سہیل آفریدی کی جماعت کے کارکنان قیادت کی سرپرستی میں سوشل میڈیا پر انتہائی نامناسب اور گندی زبان استعمال کرتے رہے ہیں، جس سے سیاسی ماحول مزید خراب ہوا۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ان تمام رویوں کی اجتماعی طور پر مذمت اور ان کا سدباب ہونا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ آئیں سب مل کر ایسے طرزِ عمل کے خلاف آواز اٹھائیں تاکہ آئینی اقدار اور قومی یکجہتی کو نقصان نہ پہنچے۔






