راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ضلع باجوڑ کے علاقے خار میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے افسر میجر عدیل زمان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 5 دہشت گرد جہنم واصل کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ یہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ شہید میجر عدیل زمان کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے تھا۔
شہید میجر عدیل زمان نے اپنے خون سے جرات و شجاعت کی تاریخ رقم کی: محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران شہادت پانے والے میجر عدیل زمان کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید میجر عدیل زمان نے دلیری سے 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا اور جان کا نذرانہ دے کر دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہید میجر عدیل زمان نے اپنے خون سے بہادری اور شجاعت کی لازوال تاریخ لکھی، پوری قوم ایسے بہادر سپوتوں پر فخر کرتی ہے۔ انہوں نے شہید کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
وزیراعظم کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین، شہید میجر عدیل زمان کو سلام
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے باجوڑ کے علاقے خار میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے آپریشن کے دوران 5 خوارج کو ہلاک کرنے پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
وزیراعظم نے میجر عدیل زمان کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف مسلسل کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں اور پوری قوم اس جنگ میں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کو ہر قسم کی دہشت گردی سے پاک کر کے دم لیا جائے گا۔






