گل پلازہ آتشزدگی، ہلاکتیں 31 ہو گئیں، 86 افراد تاحال لاپتہ

0
783

کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں ہفتے کے روز لگنے والی آگ کے نتیجے میں دم گھٹنے اور جھلسنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 31 ہو گئی ہے جبکہ 86 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق ملبے سے مزید تین لاشیں نکالی گئی ہیں، جس کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 31 تک پہنچ گئی۔ سرچ آپریشن کے دوران کچھ انسانی باقیات بھی ملی ہیں جنہیں ضابطے کی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس سرجن کے مطابق اب تک 11 لاشوں کی شناخت ہو چکی ہے جبکہ باقی لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے سیمپلز حاصل کیے جا رہے ہیں۔ اب تک 51 لواحقین کے ڈی این اے نمونے لیے جا چکے ہیں۔

ادھر مزید ایک شہری کے اہل خانہ نے مسنگ پرسنز ڈیسک سے رجوع کیا ہے۔ 65 سالہ جہانگیر شاہ کے اہل خانہ کی جانب سے اندراج کے بعد لاپتہ افراد کی تعداد 86 ہو گئی ہے۔

آگ سے متاثرہ گل پلازہ میں سرچ اور ریسکیو آپریشن پانچویں روز بھی جاری رہا۔ گراؤنڈ، میزنائن اور فرسٹ فلور کلیئر کر لیے گئے ہیں جبکہ عمارت کا 40 فیصد سے زائد حصہ منہدم ہو چکا ہے۔ باقی ڈھانچے کے کسی بھی وقت گرنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ریسکیو ٹیموں نے عمارت کی چھت سے کاروں سمیت 32 گاڑیاں اور بھاری جنریٹرز بھی اتار لیے ہیں۔

آخری لاپتہ شخص کی تلاش تک عمارت نہیں گرائی جائے گی: ڈی سی ساؤتھ

ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے کہا ہے کہ جب تک ایک بھی لاپتہ شخص موجود ہے، عمارت کو نہیں گرایا جا سکتا۔ تمام افراد کی تلاش مکمل ہونے کے بعد ہی عمارت کو منہدم کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ 39 لاپتہ افراد کی آخری لوکیشن گل پلازہ کی عمارت میں ٹریس ہوئی ہے تاہم عمارت کے بعض حصوں تک رسائی ممکن نہیں ہو سکی۔ گرے ہوئے حصوں سے ملبہ مشینری اور دستی طور پر ہٹایا جا رہا ہے تاہم شدید گرمائش اور دھوئیں کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق عمارت کے اندر کولنگ کا عمل بھی جاری ہے اور تکنیکی نکات کو مدنظر رکھتے ہوئے سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ حفاظتی خدشات کے پیش نظر ساتھ موجود رمپا پلازہ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے جبکہ ایس بی سی اے سے عمارت کے نقشے اور دیگر ریکارڈ طلب کر لیا گیا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا