ہر ضلع میں ٹیلی میڈیسن پروگرام شروع کریں گے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

0
586

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے کے ہر ضلع میں ٹیلی میڈیسن پروگرام شروع کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو جدید طبی سہولیات ان کے اپنے شہروں میں فراہم کی جا سکیں۔

جھنگ کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں امراضِ قلب لیبارٹری کے سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایمرجنسی کی صورت میں دل کے مریض کو دوسرے شہر منتقل کرنا انتہائی مشکل ہوتا ہے، اسی لیے ضلعی سطح پر طبی سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ کیو جھنگ میں کیتھ لیب کا قیام خوش آئند اقدام ہے، عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعلیٰ کے مطابق پنجاب بھر میں اب تک 16 کیتھ لیبز قائم کی جا چکی ہیں جبکہ نواز شریف کینسر ہسپتال تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ہسپتالوں سے دوسرے صوبوں کے عوام بھی مستفید ہو رہے ہیں۔ ماضی میں غربت اور وسائل کی کمی کے باعث لوگ علاج سے محروم رہتے تھے تاہم اب صورتحال بدل رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ چھ ماہ میں جھنگ ایک ترقی یافتہ شہر کا منظر پیش کرے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ پنجاب کے ہر ضلع میں دل کا ہسپتال قائم ہو۔ ایئر ایمبولینس سروس کے ذریعے سینکڑوں مریضوں کی جانیں بچائی جا چکی ہیں جبکہ اعضا کی پیوند کاری کے شعبے میں بھی مفت علاج کی سہولت دی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو مفت ادویات کی فراہمی کے لیے اربوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں، دل کے امراض میں مبتلا ہزاروں بچوں کا مفت علاج کیا گیا ہے، اور دوسرے صوبوں کے شہری بھی پنجاب کے طبی مراکز سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ جھنگ میں واسا کے قیام سے سیوریج نظام میں بہتری آئی ہے جبکہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صوبے بھر میں گلیوں اور محلوں کی صفائی کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور پاکستان کا پہلا میڈیکل ڈسٹرکٹ بن چکا ہے جہاں سب سے پہلے ٹیلی میڈیسن پروگرام شروع کیا گیا، جسے اب پورے پنجاب میں وسعت دی جا رہی ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا