بھارت کو اسی کی زبان میں جواب دیا جائے گا، عظیم قربانیوں سے کشمیر جلد آزاد ہوگا: وزیراعظم

0
598

مظفرآباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت جس زبان میں بات کرے گا، اسے اسی زبان میں جواب دیا جائے گا۔ معرکۂ حق میں ذلت آمیز شکست کے بعد بھارت پراکسیوں کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے، تاہم کشمیریوں کی عظیم قربانیوں کے نتیجے میں جلد کشمیر کی آزادی ممکن ہوگی۔

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مظفرآباد آئے ہیں۔ انہوں نے سابق صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے بلندیٔ درجات کے لیے دعا کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جدوجہدِ آزادی کشمیر کے ہر قائد اور شہری کو سلام پیش کرتا ہوں۔ کشمیری عوام اپنے بچوں تک قربان کر سکتے ہیں مگر آزادی کے حق سے دستبردار نہیں ہو سکتے۔ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا اور یہی ہماری خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد سے ہی ممکن ہے۔ حقِ خودارادیت کے حصول تک پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ مقبوضہ کشمیر کے کونے کونے سے ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق میں اللہ کے کرم، قوم کی دعاؤں اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث پاکستان کو شاندار فتح نصیب ہوئی۔ فیلڈ مارشل کی قیادت میں دی جانے والی اس شکست کو بھارت کی نسلیں بھی نہیں بھول سکیں گی۔ اس کامیابی سے کشمیر کا مسئلہ ایک بار پھر عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عسکری اور سفارتی محاذ پر بھارتی جھوٹا بیانیہ دفن ہو چکا ہے۔ ذلت آمیز شکست کے بعد بھارت اپنی پراکسیوں کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی پھیلا رہا ہے، مگر ہماری بہادر افواج بھارتی کٹھ پتلیوں کا وہی انجام کریں گی جو معرکۂ حق میں بھارتی طیاروں کا ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے عوام کو اپنی مرضی کے مطابق جینے کا حق دیا جانا چاہیے۔ پاکستان نے اہم اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر غزہ میں قیامِ امن کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔ ہم امن چاہتے ہیں، لیکن یہ امن برابری کی بنیاد پر ہی ممکن ہے۔

انہوں نے آزاد کشمیر میں مہاجرین کے ماہانہ وظیفے میں 3500 سے بڑھا کر 6 ہزار روپے کرنے، مظفرآباد میں دانش یونیورسٹی کے سب کیمپس اور اسلام آباد طرز کے خدمت سینٹر کے قیام کا اعلان بھی کیا۔ اس کے علاوہ رواں سال 2096 طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کیے گئے جبکہ مزید 1700 طلبہ کو لیپ ٹاپ دیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے آزاد کشمیر میں اسکولوں کی چھتوں کی تعمیر و مرمت کے لیے ایک ارب روپے فنڈز دینے کا اعلان بھی کیا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا