اسلام آباد : بانی پی ٹی آئی عمران خان کے صاحبزادے قاسم خان نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اور ان کے بھائی اپنے والد سے ملاقات کے لیے پاکستان جانا چاہتے ہیں، تاہم حکومت جان بوجھ کر ان کی ویزا درخواستوں پر کارروائی نہیں کر رہی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں قاسم خان نے کہا کہ عمران خان گزشتہ 914 دنوں سے قیدِ تنہائی میں ہیں اور اس دوران ان کی صحت مسلسل بگڑ رہی ہے۔
قاسم خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو آزاد اور مناسب طبی سہولیات تک رسائی نہیں دی جا رہی، جو ایک سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت دانستہ طور پر ان کی اور ان کے بھائی کی ویزا درخواستوں کو التوا کا شکار بنا رہی ہے۔
انہوں نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی حکومتوں سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے پر آواز اٹھائیں اور عمران خان کو بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی یقینی بنانے میں کردار ادا کریں۔






