کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں آوارہ کتوں نے اسکول جانے والی 10 سالہ طالبہ پر حملہ کر کے اسے زخمی کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب بچی اسکول جا رہی تھی۔ اسکول کے اساتذہ نے فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے آوارہ کتوں کو بھگایا اور طالبہ کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
زخمی طالبہ کو فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کرنے کے بعد گھر روانہ کر دیا گیا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ لیاقت آباد میں آوارہ کتوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے جس کے باعث اسکول جانے والے بچے بھی غیر محفوظ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے میئر کراچی سے مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔






