سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 34 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقوں میر علی اور حسن خیل میں پاکستان-افغانستان سرحد پر دہشت گردوں کے ایک گروہ کی دراندازی کی کوشش کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا گیا۔ مؤثر اور پیشہ ورانہ آپریشن کے نتیجے میں 13 دہشت گرد مارے گئے۔
اسی طرح ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع لکی مروت اور بنوں میں کیا گیا، جہاں 13 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں کارروائی کے دوران 8 دہشت گرد مارے گئے۔ سکیورٹی فورسز نے ہلاک افراد کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رہیں گی۔





