وزیراعظم اور صدر مملکت کی ملاقات، سلامتی و معیشت پر تبادلہ خیال

0
9

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایوانِ صدر میں اہم ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی صورتحال، مشرقِ وسطیٰ سمیت خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور اہم قومی امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی شریک تھے۔

وزیراعظم نے صدر مملکت کو خطے کی تازہ صورتحال، سفارتی رابطوں اور ثالثی سے متعلق امور پر بریفنگ دی۔ اس دوران قومی سلامتی، معاشی حالات اور سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوسری جانب ایوانِ صدر میں قومی قیادت کا ایک اہم اجلاس طلب کر لیا گیا ہے، جس کی صدارت صدر مملکت آصف علی زرداری کریں گے۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال اور آئندہ کی قومی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔

اجلاس میں وزیراعظم، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، سیاسی قیادت، اور اعلیٰ عسکری و سرکاری حکام کی شرکت متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں کفایت شعاری پالیسی، حکومتی اخراجات میں کمی، اور وفاق و صوبوں کے درمیان وسائل کی منصفانہ تقسیم پر اہم فیصلے کیے جا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ صوبوں کو مالی معاونت فراہم کرنے سے متعلق تجاویز بھی زیر غور آئیں گی۔

اجلاس میں قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل، معاشی استحکام اور مالی نظم و ضبط کے اقدامات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوگی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا