ملک کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے:عطا اللہ تارڑ

0
575

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ملک کے خلاف پروپیگنڈا ناقابل برداشت ہے اور ایسی حرکت کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال میں پاکستان کا کلیدی کردار واضح ہو رہا ہے اور عالمی برادری پاکستان کی سفارتی کوششوں کو تسلیم کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور سید عاصم منیر نے سفارتی محاذ پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا، جبکہ بھارت پاکستان کی سفارتی کامیابیوں سے پریشان ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر ایک مؤثر آواز کے طور پر ابھرا ہے اور جنیوا اجلاس میں بھی غیر معمولی صورتحال دیکھنے میں آئی۔

انہوں نے واضح کیا کہ کوئی بھی سیاسی رہنما ملک سے بڑا نہیں، تنقید ہر کسی کا حق ہے لیکن قومی وقار پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی مفاد سب سے مقدم ہے اور کوئی جماعت یا شخصیت ملک پر ترجیح نہیں رکھتی۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ سیاسی مخالفت میں ملک کی تضحیک ناقابل برداشت ہے اور موجودہ حالات میں پاکستان کے خلاف منفی مہم کسی صورت قابل قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ کامیابیوں نے پاکستان کا عالمی مقام بلند کیا ہے اور ملک کے خلاف سازشیں کرنے والے عناصر ناکام ہوں گے۔

وزیر اطلاعات نے عرفان اجاکیہ اور زلفی بخاری کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بعض عناصر بیرون ملک پاکستان کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دنیا بھر میں ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر دیکھا جاتا ہے جبکہ ماضی میں بعض پالیسیوں کے باعث ملک کو معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم موجودہ حکومت نے معیشت کو بہتری کی جانب گامزن کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کی معاشی بہتری کو سراہا جا رہا ہے۔ وزیر اطلاعات کے مطابق پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی سازش یا پروپیگنڈا برداشت نہیں کیا جائے گا اور ملک ان تمام چیلنجز کے باوجود مضبوط رہے گا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا