مالے: ساف انڈر 20 چیمپئن شپ 2026 کے فائنل میں بنگلادیش نے دفاعی چیمپئن بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
مالدیپ کے شہر مالے میں کھیلے گئے فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا، تاہم مقررہ وقت میں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔
میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا جہاں بنگلادیش نے 3-4 سے کامیابی حاصل کی۔
پنالٹی شوٹ آؤٹ میں بھارت کے رشیکانتا لیشریم کی پہلی کوشش بنگلادیش کے گول کیپر اسماعیل حسین مہین نے ناکام بنا دی، جبکہ اومانگ ڈوڈم کی آخری کک کراس بار سے اوپر چلی گئی۔
بھارت کی جانب سے ایم ڈی ارباش، سیمسن اہونگشنگبم اور وشال یادیو نے گول اسکور کیے، تاہم ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔
اس کامیابی کے ساتھ بنگلادیش نے دوسری مرتبہ ساف انڈر 20 چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا، جبکہ چار بار کا چیمپئن بھارت اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں ناکام رہا۔





