کراچی سے دشمنی پاکستان سے دشمنی ہے، شہر کے حقوق کا تحفظ ضروری: خالد مقبول صدیقی

0
399

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی سے دشمنی دراصل پاکستان سے دشمنی کے مترادف ہے اور شہر کے حقوق کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔

گورنمنٹ علامہ اقبال اسکول کیمپس میں فائیو اے سائیڈ ہاکی گراؤنڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان کا سب سے امیر شہر کراچی آج مسائل کا شکار ہو کر سب سے غریب دکھائی دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی اپنی کھوئی ہوئی حیثیت دوبارہ حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کر رہا ہے، جبکہ شہر کی ترقی، امن اور خوشحالی پورے ملک کے لیے نہایت اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور پورے ملک کو سہارا دے رہا ہے، اس لیے اس کے ساتھ ناانصافی قابل قبول نہیں۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ان کی سیاست کا محور عوامی خدمت ہے اور وہ جاگیردارانہ نظام کا حصہ نہیں ہیں، جبکہ ان کی جدوجہد کا بنیادی ہتھیار قلم ہے۔

انہوں نے کھیلوں کے حوالے سے کہا کہ قومی ہاکی میں کراچی کو نظر انداز کرنا درست نہیں اور اس شعبے میں شہر کے ساتھ ناانصافی کوئی نئی بات نہیں۔

انہوں نے کراچی میں پی ایس ایل 11 کے میچز کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔

معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی مثبت قدم ہے، تاہم قوم کو کفایت شعاری اختیار کرنا ہوگی۔

تعلیم کے حوالے سے انہوں نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کروڑوں بچے اسکول سے باہر ہیں اور زیر تعلیم بچوں کی بڑی تعداد بھی معیاری تعلیم سے محروم ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا