شمالی وزیرستان: قبائل اور دہشت گردوں میں جھڑپ، 5 حملہ آور ہلاک، 3 شہری جاں بحق

0
442

شمالی وزیرستان کے علاقے درپہ خیل میں مقامی قبائل اور فتنہ الخوارج کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے، تاہم فائرنگ کے دوران 3 شہری جان کی بازی ہار گئے اور 8 افراد زخمی بھی ہوئے۔

ریجنل پولیس آفیسر بنوں سجاد خان کے مطابق واقعہ درپہ خیل کے علاقے شاہزادہ کوٹ میں پیش آیا، جہاں مسلح دہشت گردوں اور مقامی قبائل کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آر پی او کے مطابق قبائل کی جانب سے بھرپور مزاحمت کے نتیجے میں 5 دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک ہوئے جبکہ دیگر زخمی ہو کر فرار ہو گئے۔ تاہم دہشت گردوں کی فائرنگ سے 3 بے گناہ شہری جاں بحق اور 8 زخمی بھی ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فورس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور قبائل کی مدد کرتے ہوئے علاقے کو محفوظ بنانے کے اقدامات کیے گئے۔

پولیس حکام کے مطابق زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال میرانشاہ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔

آر پی او سجاد خان کا کہنا تھا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

حکام نے واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کرنے کا بھی عندیہ دیا ہے تاکہ مفرور دہشت گردوں کو گرفتار کیا جا سکے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا