سعودی عرب نے حج سے متعلق نئی پالیسی نافذ کرتے ہوئے 15 سال سے کم عمر بچوں کو حج پر لے جانے پر پابندی عائد کر دی ہے، جس کا اطلاق 3 مئی 2026 سے ہوگا۔
ترجمان پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق نئی ہدایات کے تحت 15 سال سے کم عمر عازمین کو حج پروازوں میں سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس فیصلے کے بعد ایسے تمام عازمین کے حج ویزے بھی منسوخ قرار دے دیے گئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ تمام افراد جو 27 مئی 2026 تک 15 سال کی عمر مکمل نہیں کریں گے، حج کے لیے سعودی عرب سفر کے اہل نہیں ہوں گے۔
سعودی حکام کی جانب سے تمام ایئرپورٹس کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ 15 سال سے کم عمر بچوں کو حج پروازوں میں سوار ہونے سے روکا جائے۔
حکام کے مطابق اس نئی پالیسی سے متاثرہ عازمین کو مکمل رقم کی واپسی کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے تاکہ کسی کو مالی نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ حج کے دوران رش کو کم کرنے، بہتر انتظامات کو یقینی بنانے اور سیکیورٹی و سہولت کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔






