کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن نے اے ایس لیول ریاضی کے پرچے کے لیک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے امتحان ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔
کیمبرج انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 12 مئی کو اے ایس لیول ریاضی کا پرچہ امتحان سے قبل شیئر کیا گیا جس کے بعد احتیاطی اقدامات کے تحت اے لیول میتھمیٹکس پیپر 32 (9709) کا امتحان ملتوی کیا جا رہا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق یہ امتحان پاکستان میں 15 مئی بروز جمعہ ہونا تھا جبکہ نئی تاریخ کا اعلان 22 مئی تک کیا جائے گا۔
کیمبرج حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ پاکستان میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور اضافی سکیورٹی اقدامات کے تحت کیا گیا ہے جبکہ اسکولوں کو تفصیلی ہدایات بھی 22 مئی تک جاری کر دی جائیں گی۔
بیان میں کہا گیا کہ اے ایس اور اے لیول کے نتائج جاری کرنے کی تاریخ 11 اگست ہی برقرار رہے گی۔
دوسری جانب کنٹری ڈائریکٹر عظمیٰ یوسف نے کہا کہ امتحانی سیزن میں جس نوعیت کی پیپر چوری سامنے آ رہی ہے وہ غیر معمولی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر امتحانی نظام اور طلبہ کے مستقبل کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔






