کراچی: پاکستان کو جمعہ کے روز قطر سے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کا دوسرا کارگو موصول ہوگیا، جو تین دن کے دوران قطر سے آنے والا دوسرا ایل این جی جہاز ہے۔
حکام کے مطابق حکومت امریکا اور اسرائیل کے ایران کے ساتھ جاری تنازع کے باعث خطے میں توانائی سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں اور بجلی کی بڑھتی قلت سے بچنے کے لیے اقدامات تیز کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تقریباً ایک لاکھ ساٹھ ہزار کیوبک میٹر ایل این جی لے جانے والا جہاز “محزم” کراچی کے پورٹ قاسم پر پاکستان گیس پورٹ کنسورشیم لمیٹڈ کے ٹرمینل ون پر لنگر انداز ہوا۔
اس سے قبل 13 مئی کو قطر سے آنے والا کیو فلیکس ایل این جی بردار جہاز “الخریطیات” اینگرو ایل این جی ٹرمینل پہنچا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایل این جی کارگوز کی مسلسل آمد سے ملک میں گیس اور بجلی کی طلب پوری کرنے میں مدد ملے گی جبکہ توانائی بحران کے خدشات میں بھی کمی آئے گی۔






