بنوں: بنوں میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 8 خوارجی دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔
سینٹرل پولیس آفس کے مطابق آپریشن تھانہ میریان کی حدود میں صبح سویرے کیا گیا، جہاں دہشتگردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ زخمی اہلکار کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کیلئے جدید ڈرون اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔ کارروائی کے دوران متعدد دہشتگردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
حکام کے مطابق آپریشن کے دوران 10 کلوگرام وزنی دیسی ساختہ بم بھی برآمد ہوا، جسے موقع پر ہی ناکارہ بنا دیا گیا۔
دوسری جانب آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج اور امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے فرنٹ لائن پر کھڑی ہے اور دشمن کے ہر وار کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔





