ایتھنز: یونانی فضائیہ کے ایک ایف-16 جنگی طیارے میں دورانِ پرواز آگ لگنے کے بعد اسے زاکنتھوس ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
ترک میڈیا کے مطابق پائلٹ نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو بحفاظت اتارا اور وہ مکمل طور پر محفوظ رہا۔
واقعے کے بعد یونان کے مصروف ترین سیاحتی ہوائی اڈوں میں شمار ہونے والے زاکنتھوس ہوائی اڈے کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔
یونانی فضائیہ کے مطابق طیارہ تربیتی مشن پر تھا کہ اسے فنی خرابی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد ہنگامی لینڈنگ کا فیصلہ کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ پائلٹ محفوظ ہے جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
یونانی ذرائع ابلاغ کے مطابق لینڈنگ سے قبل طیارے میں آگ لگنے کا انتباہ موصول ہوا تھا، جبکہ رن وے پر اترتے ہی آگ بھڑک اٹھی۔ اطلاع ملتے ہی فائر فائٹرز اور ہوائی اڈے کے عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔
رپورٹس کے مطابق لڑاکا طیارہ لینڈنگ گیئر مکمل طور پر کھولے بغیر رن وے پر اترا، جس کے باعث وہ کئی میٹر تک پھسلتا رہا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں طیارے کو شعلوں کی لپیٹ میں دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ امدادی اہلکار آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔






