ہانگژو: وزیراعظم شہباز شریف 4 روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ ہو گئے ہیں۔ دورے کے پہلے مرحلے میں وزیراعظم ہانگژو پہنچیں گے، جہاں ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ 26 مئی تک جاری رہے گا، جس کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات، سیاسی روابط اور معاشی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
دورے کے دوران وزیراعظم ہانگژو میں ژجیانگ صوبے کے پارٹی سیکرٹری سے ملاقات کریں گے، جبکہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور علاقائی امن و استحکام پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔ چین کی جانب سے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت کا بھی اعادہ کیا گیا ہے۔
دورے کے دوران پاکستانی وفود سی پیک فیز 2 کے تحت دونوں ممالک کی کمپنیوں کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے بزنس فورم، معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف معروف چینی کمپنیوں کے سی ای اوز سے ملاقاتیں کریں گے اور چینی کمپنی کے ہیڈکوارٹر سمیت چائنہ اکیڈمی آف ایگری کلچر سائنسز کا دورہ بھی کریں گے۔
بعد ازاں وزیراعظم بیجنگ روانہ ہوں گے جہاں ان کی ملاقاتیں چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ سے ہوں گی۔ وزیراعظم پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔





