پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ فوجی جوانوں کی قربانیوں کا کوئی نعم البدل نہیں اور شہدا کو سیاسی معاملات میں نہیں گھسیٹنا چاہیے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پاک فوج کے جوان وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، دنیا کے تمام خزانے بھی ان کی قربانیوں کا بدل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی قربانیوں کی معترف ہے اور ان کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا خطاب نہیں سنا، تاہم شہدا سے متعلق ان کے بیان سے اتفاق نہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کو جوشِ خطابت میں الفاظ کے انتخاب میں احتیاط برتنی چاہیے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ پانچ اگست کے حوالے سے پارٹی کا لائحہ عمل پارلیمانی اور سیاسی کمیٹی طے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تحریک انصاف کا واضح مؤقف ہے، پارٹی ریاست مخالف بیانیے کی حامی نہیں اور اگر حالات بہتر ہوئے تو انتخابات کے بائیکاٹ کے فیصلے پر نظرثانی کی جا سکتی ہے۔






