فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سالانہ 20 کروڑ روپے تک کاروبار کرنے والی چھوٹی دکانوں میں ان لینڈ ریونیو افسران کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ریونیو ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق دکاندار آئیرس ویب پورٹل یا موبائل ایپ کے ذریعے سادہ ٹیکس ریٹرن جمع کرائیں گے، جس میں خرید و فروخت، اخراجات، منافع اور جائز اثاثوں کی تفصیلات درج ہوں گی۔ اس اسکیم کے تحت دکاندار مجموعی کاروباری حجم پر ایک فیصد ٹیکس ادا کریں گے، جبکہ ودہولڈنگ انکم ٹیکس کی ایڈجسٹمنٹ کی بھی سہولت ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق رجسٹرڈ دکانداروں کو دکان کے باہر آویزاں کرنے کے لیے سبز پلیٹ جاری کی جائے گی، جس پر کیو آر کوڈ، دکاندار کا نام، این ٹی این نمبر اور دکان کا پتہ درج ہوگا۔ سبز پلیٹ والی دکانوں میں ٹیکس معاملات کے سلسلے میں ایف بی آر کے ان لینڈ ریونیو افسران کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
یہ سہولت ٹیکس سال 2026 کے لیے سالانہ 20 کروڑ روپے تک کاروبار کرنے والے دکانداروں کے لیے ہوگی، جبکہ ٹائر ون ریٹیلرز اور زیورات فروخت کرنے والے دکاندار اس اسکیم میں شامل نہیں ہوں گے۔






