اسلام آباد(طلوع نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سیاحوں کےلئے ایک بے مثال ملک ہے، ای پورٹل دنیا بھر سے سیاحوں کی پاکستان میں دلچسپی بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا، پاکستان میں بے شمارسیاحتی مقامات ہیں اور خصوصاً ملک کے شمالی علاقہ جات کے قدرتی مناظر بے مثال ہیں، پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے۔ جمعہ کو یہاں منعقدہ تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یہاں ’’سلام پاکستان‘‘برانڈ اور ای پورٹل کا باقاعدہ افتتاح کیا۔اس موقع پر مشیر وزیراعظم عون چوہدری نے وزیراعظم کو سلام پاکستان کا میمنٹو بھی پیش کیا۔ ایران کے وزیر ثقافت، تاریخی ورثہ، سیاحت و دستکاری سید عزت اللہ زرغامی اور ایران کے سفیررضا میری سمیت سفارتی برادری اور اعلیٰ حکام بھی تقریب میں شریک تھے۔ای پورٹل بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی سیاحت کے لحاظ سے پہچان کو منفرد اور دنیا بھر سے سیاحوں کی پاکستان میں دلچسپی بڑھانے میں معاون ثابت ہو گا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعہ کو یہاں ’’سلام پاکستان‘‘ برانڈ اور ای پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تقریب میں شرکت باعث مسرت ہے، پاکستان میں سیاحت، ثقافت اور تاریخی ورثہ کے فروغ کے وسیع مواقع دستیاب ہیں، ملک میں سیاحت کے شعبہ کی ترقی اور فروغ کےلئے مشیر وزیراعظم عون چوہدری اور ان کی ٹیم کی کاوشیں قابل قدر ہیں،برادر اسلامی ممالک سمیت دنیا کے کئی دیگر ممالک نے ثقافت، دستکاریوں اور سیاحت کے شعبہ میں نمایاں ترقی کی ہے،پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ قدرتی وسائل اور خوبصورت مناظر سے نواز ہے خصوصاً ملک کے شمالی علاقہ جات میں سیاحت مقامات کو سیاحت کے فروغ کےلئے استعمال کیاجاسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ عون چوہدری کی سیاحت کے شعبہ کی ترقی اور پاکستان کےلئے قابل قدر خدمات ہیں۔ وزیراعظم نے غیرملکی سفیروں اور سفارتی برادری کی تقریب میں شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ملک میں سیاحت، ثقافت، تاریخی ورثہ اور دستکاریوں کے شعبہ کی ترقی کےلئے ’’سلام پاکستان‘‘برانڈ اور ای پورٹل کو کامیابیوں سے نوازے۔






