پشاور : بڈھ بیر میں مبینہ طور پر والد نے اپنے بیٹے کو پی ٹی آئی کا جھنڈا گھر کی چھت پر لگانے پر قتل کر دیا ہے۔ بی بی سی اردو کے مطابق افسوسنا ک واقعے کا مقدمہ مقتول عطاالرحمان کے بھائی عارف الرحمان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دونوں باپ بیٹا میں سیاسی گفتگو پر تکرار اور تلخ کلامی کا آغاز ہوا جس پر طیش میں آ کر والد نے اپنے بیٹے پر فائرنگ کر دی۔ عارف الرحمان نے مزید بتایا کہ ان کے والد اور بھائی میں بحث گھر کی چھت پر تحریک انصاف کا پارٹی پرچم لگانے سے شروع ہوئی جو بڑھتے بڑھتے تلخ کلامی تک پہنچ گئی اور طیش میں آ کر ان کے والد نے عطا الرحمان پر گولی چلا دی۔
بھائی عارف کیمطابق گذشتہ روز ان کا چھوٹا بھائی عطا پاکستان تحریک انصاف کا جھنڈا گھر لے کر آیا اور اسے چھت پر لگا دیا مگر یہ بات ان کے والد کو پسند نہ آئی۔والد نے بھائی کو تاکید کی کہ ووٹ جس کو بھی دینا ہے دو، لیکن یہ جھنڈا لگانے والی بات صحیح نہیں ہے۔ اس بات پر ان کے چھوٹے بھائی نے والد سے بحث شروع کر دی کہ جھنڈا لگانا کوئی بڑی بات نہیں ہے اور بالآخر تکرار اس حد تک بڑھ گئی کہ نور رحمان نے اپنے بیٹے پر فائرنگ کر دی۔ ایف آئی آر کے مطابق عطا الرحمان کو علاج کے لیے لیڈی ریڈنگ ہسپتال لے جایا جا رہا تھا مگر وہ راستے ہی میں دم توڑ گئے۔ یہ واقعہ پیش آنے کے بعد ملزم والد گھر سے فرار ہو گئے ہیں۔ ایس پی صدر ڈویژن عبدالسلام خالد کا کہنا ہے کہ ملزم کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں، ابھی تک گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔