اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملازم پر تشدد کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد معروف پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان نے اپنے شاگرد نوید حسنین کے ہمراہ ویڈیو پیغام جاری کیا ہے ،راحت فتح علی اپنے شاگرد نوید حسنین کیساتھ کھڑے ہیں ۔ معروف گلوکار کا کہنا تھا کہ یہ نوید حسنین ہیں جن کی ویڈیو وائرل ہوئی ، اصل میں ہوا کیا تھا وہ ان سے انہی کی زبانی سنیئے گا لیکن اس سے قبل میں ان سے معافی مانگتا ہوں ، یہ میرا شاگرد، میرا بچہ ہےاور استاد شاگرد میں یہ سب چلتا رہتا ہے، میں سب کے سامنے نوید سے ان کیمرہ پھر معافی مانگتا ہوں ۔ اس کے بعد شاگرد نے کہا کہ یہ مرے استاد ، باپ اور میرے مرشد ہیں ۔ جس نے ویڈیو بنا کر شیئر کی ہے اس نے غلط حرکت کی ہے ، یہ میرے باپ میرے پیر ہیں، باپ بیٹے کو مار ہی لیتے ہوتے ہیں ایسی ویسی کوئی بھی بات نہیں ہے۔ میں استاد جی کا وہ جو پانی تھا پیر صاحب کا دم کیا ہوا وہ میں کہیں رکھ کر بھول گیا جس وجہ سے انہوں نے مجھے مارا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل معروف گلوکار راحت فتح علی خان کی ملازم پر بدترین تشدد کی ویڈیو وائرل ہو ئی تھی۔ جس میں معروف گلوکار شور شرابہ کرتے ہوئے اپنے ملازم سے پوچھ رہے ہیں کہ میری بوتل کہاں ہے اور ساتھ ہی لاتوں اور گھونسوں کی بارش کردی تھی۔ جبکہ ملازم اپنی جان بخشی کے واسطے دیتا رہا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہےکہ موقع پر موجود دیگر ملازمین خاموش ہاتھ باندھے کھڑے تھے اور انہوں نے راحت فتح علی کو روکنے تک کی کوشش بھی نہ کی۔