لاہور: قائد مسلم لیگ (ن)میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ میں سرخرو اور بے قصور ثابت ہوا لیکن سزا دینے والے چلے گئے۔میرے کیسز پر مانیٹر بن کر بیٹھا جج استعفی دیکر چلاگیا پتہ تھا چورکی داڑھی میں تنکا ہے،پرانا وقت واپس لانا میرا ایجنڈا ہے،لاہور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرا دل چاہتا ہے کہ میں آپ سب پر قربان ہوجاوں، میں نے اپنے بھائی بہن کی خدمت کی اور اس خدمت کی وجہ سے ہی میں ان کے چہروں پر محبت دیکھ رہا ہوں، اگر میں نے کچھ نہ کیا ہوتا تو آپ میری پرواہ نہ کرتے، عوام کی خدمت کے صلے میں اتنی محبت ملی ہے
آج سوچ رہاہوں عوام مجھ سے اتنی محبت کیوں کرتے ہیں؟ آپ بتائیں اس محبت کو کیسے بھلا دوں؟سابق وزیر اعظم نے کہا کہ مجھے جان بوجھ کر سزائیں دی گئیں، میں سرخرو اور بے قصور ثابت ہوا لیکن سزا دینے والے چلے گئے، وہ جج بھی چلا گیا جس نے 8 مہینے بعد چیف جسٹس بننا تھا، دال میں کچھ کالا تھا ان کو پتا تھا کہ چورکی داڑھی میں تنکا ہے تب ہی وہ استعفی دے کر چلا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بہت ٹھوکریں کھائی ہیں، مزیدکھانیکی طاقت ہے نہ ہمت، اب مجھے اپنے ملک کو غیرت مند ملک بنانا ہے، اگر میں ہوتا تو کوئی بھی بے روزگار نا ہوتا۔ان کا کہنا تھاکہ میں آئندہ بھی کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا، نواز شریف تھا تو سکون تھا، گھروں میں سکون تھا، مہنگائی کا نام نشان نہیں تھا، پیٹرول سستاتھا، اس زمانے کو واپس لانا ہے آپ کے گھروں کو دوبارہ بساناہے، ان نوجوانوں کو روزگار دینا ہے ان کے مستقبل کو سنوارناہے۔
نواز شریف نے مزید کہاکہ سبزپرچم اور پاسپورٹ کو عزت دلوانا ہے، نواز شریف کا ایجنڈ پورا ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا، نوازشریف کی چھٹی نہ کرائی جاتی تو آپ بیروزگار نہ ہوتے، آپ میں سے کوئی بھی بیروزگار نہ ہوتا،ہہر گھرانہ خوشحال ہوتا، ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ہم نے بہت زخم کھائے ہیں، ان ساتھیوں کی وساطت سے ملک اور قوم کو پاوں پر کھڑا کریں گے، اور یہ دنیا کی خوشحال ترین قوم بنے گی۔۔





