راولپنڈی: آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ 2025 کے طلبہ نے چانسلر الغزالی یونیورسٹی مفتی عبد الرحیم کے ساتھ خصوصی نشست کی، جس میں ریاست کے تحفظ اور قومی یکجہتی پر زور دیا گیا۔
مفتی عبد الرحیم نے قرآن و سنت کی روشنی میں کہا کہ اسلام میں ریاست کا تحفظ جہاد فی سبیل اللہ کے مترادف ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو وطن کی اہمیت سمجھنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کبھی پاکستان سے الگ نہیں ہو سکتا اور پاک افواج عوام کے درمیان موجود ہیں، جو سرحدوں پر جان کی قربانی دینے والے ہمارے بیٹے ہیں۔
انہوں نے پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور افواج کی کامیاب کارروائیوں، جیسے معرکہ حق اور آپریشن بنیان المرصوص، کو عالم اسلام میں ملک کی اہمیت کی دلیل قرار دیا۔ مفتی عبد الرحیم نے کہا کہ نوجوان نسل کو وطن عزیز کی حفاظت میں متحد رہنا چاہیے اور سب کو ایک سیسہ پلائی دیوار کی طرح یکجا ہونا ہوگا۔






