مقبوضہ بیت المقدس: مشرقی یروشلم کے مضافات میں فائرنگ کے واقعے میں کم از کم 5 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہو گئے۔
ایمرجنسی سروس میگن ڈیوڈ اڈوم کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک پچاس سالہ شخص اور تین دیگر افراد شامل ہیں، جن کی عمر تقریباً تیس سال تھی۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ کچھ زخمیوں کو جائے وقوعہ پر طبی امداد دی گئی۔
پولیس نے دعویٰ کیا کہ حملہ آوروں کو “نیوٹرلائز” کر دیا گیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق دو مشتبہ حملہ آوروں کو سیکیورٹی اہلکار نے موقع پر ہلاک کیا، ابتدائی اندازے کے مطابق وہ مغربی کنارے کے رہائشی تھے اور بس اسٹاپ پر فائرنگ کر رہے تھے۔
واقعے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو جائے وقوعہ پر پہنچے اور سیکیورٹی حکام کے ساتھ ہنگامی اجلاس کیا۔
حماس نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی لیکن اسے اسرائیلی جارحیت کا “قدرتی ردعمل” قرار دیا، جبکہ اسلامی جہاد نے بھی اسے صیہونی ریاست کے جرائم کا جواب کہا۔ ماہرین کے مطابق اسرائیل ممکنہ طور پر حملہ آوروں کے گھروں یا آبائی علاقوں کو نشانہ بنا سکتا ہے۔





